Showing posts with label Journalism. Show all posts
Showing posts with label Journalism. Show all posts

اقبال یوسفی کی قیادت میں پی ایف جے اے وفد کی سینئر صحافی وقار عثمانی کی عیادت — حکومت پنجاب کی بے حسی پر افسوس

📰 روزنامہ جنگ لاہور — 13 ستمبر 1993


لاہور (رپ) آزاد صحافیوں کی تنظیم پاکستان فری لانس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (پی ایف جے اے) کے صدر اقبال یوسفی کی قیادت میں ایک وفد نے گنگا رام اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں زیرِ علاج سینئر صحافی وقار عثمانی کی عیادت کی۔

وقار عثمانی چند روز قبل ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ان کا ایک بازو اور ایک ٹانگ ٹوٹ گئی ہے۔

عیادت کے بعد ایسوسی ایشن نے حکومتِ پنجاب کی بے حسی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وقار عثمانی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل ہوئے ایک ہفتہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، لیکن تعلقاتِ عامہ سمیت کسی ذمہ دار سرکاری شخصیت نے ان کی خبر تک نہیں لی۔

ایسوسی ایشن کے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وقار عثمانی ایک محنتی، دیانتدار اور فرض شناس صحافی ہیں۔ ان کے علاج پر روزانہ تقریباً ایک ہزار روپے خرچ ہو رہا ہے جو کسی سفید پوش شخص کے بس کی بات نہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق انہیں مزید چھ ماہ تک زیرِ علاج رہنا پڑے گا۔

ایسوسی ایشن نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زخمی صحافی کے لیے فوری طور پر خصوصی مالی امداد منظور کرے اور ان کے علاج کا خرچ سرکاری طور پر برداشت کرنے کا بندوبست کرے۔